پاکستانی عوام قرآن کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو
پاکستانی عوام قرآن کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

یومِ تقدسِ قرآن پر ملک بھر میں پرامن احتجاج

اسلام آباد: قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن پر پرامن احتجاج کیا گیا،چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے ہوئے ،ریلیاں نکالی گئیں ۔

وزیراعظم شہباز شریف کی کال پر پاکستانی عوام آج قرآن کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔

اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں بڑی تعداد میں شہریوں نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی اورعالمی برادری سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وکلا نے بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔

لاہور،گوجرانوالہ میں مسیحی برادری بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی جبکہ فیصل آباد میں آج وکلا نے ہڑتال کی۔

ملتان میں جماعت اسلامی کی لیبر ونگ نے عیدگاہ سےچوک کچہری تک تحفظ حرمت قرآن ریلی نکالی اور سوئیڈن واقعےکی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔سرگودھا میں وکلا نے سویڈن واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی۔

بہاولنگر میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ اورجماعت اسلامی، لودھراں میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی اور ریلی میں سوئیڈن حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔

مظفرگڑھ میں سویڈن واقعے کےخلاف جماعت اسلامی نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔

کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے سوئیڈن واقعے پرعدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا جس کے باعث آج ضلعی عدالتوں میں کیسز کی سماعت نہیں ہوئی۔

شہرِ قائد میں وفاقی اردو یونیورسٹی کےطلبا اور اساتذہ نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ سکھر میں جماعت اسلامی کےکارکنوں نے پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی۔ میرپور خاص میں بھی یوم تقدیس قرآن کے موقع پر جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ادھر کراچی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ آج شہر کی مارکیٹیں دوپہر 2 سے 4 بجے تک احتجاجاً بند رکھی جائیں گی۔

یوم تقدیس کے موقع پر تاجر برادری کا مرکزی احتجاج سہ پہر 3 تا 4 بجے ریگل چوک صدر میں ہوگا، کراچی کی تمام مارکیٹوں میں پرامن مظاہرے ہوں گے اور قرآن کریم کی تلاوت کی جائے گی۔

بلوچستان کے ضلع چاغی اور نوشکی میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔صوابی میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام سویڈن واقعے کے خلاف ریلی نکالی گئی۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی عید گاہ سے آزادی چوک تک سویڈن واقعہ کےخلاف احتجاج کرنے کے لیے پیدل مارچ کیا گیا، مارچ کے شرکاء نے سویڈن کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔