کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوگئی ہے، شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سڑکوں پرپانی جمع ہو گیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے بعد کالے بادل چھائے اور شام کے وقت موسلا دھار بارش شروع ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ حسب معمول بجلی بھی چلی گئی۔
سپر ہائی وے، نوری آباد اور گڈاپ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم تیزی سے شہری علاقوں کی طرف بڑھا، جس کے بعد سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، گلشن معمار، تیسر ٹاؤن اوراطراف کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔
اس دوران صدر، ڈیفنس، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ڈرگ کالونی، شاہراہ فیصل، ملیر،اسٹار گیٹ، گلشن حدید، گڈاپ ٹاؤن، نیو کراچی اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی،سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مون سون سسٹم دو تین روز تک کراچی کی حدود میں رہے گا اور اس دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔