کراچی(نیٹ نیوز)پب جی گیم کے ذریعے بھارتی نوجوان کی محبت میں مبتلا ہوکر پاکستان سے انڈیا پہنچنے والی شادی شدہ،چار بچوں کی ماں سیما حیدرجاکھرانی 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پراپنے4 بچوں سمیت بھارتی جیل میں قید ہے۔
سیماحیدرکی مدد کے لیے سفارتی سطح پرتاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے،سندھ سے تعلق رکھنے والی سیماحیدرکے ساتھ چاربچوں کا مستقبل بھی سوالیہ نشان بن گیاہے،سیما حیدر جھکرانی اوراس کے بچوں کی سفارتی یا قانونی مدد کے لیے تاحال کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔گیمنگ ایپ ’پب جی‘ پر بھارتی لڑکے سچن سے دوستی کے بعد اپنے چاربچوں کے ساتھ بھارت پہنچنے والی 27 سالہ سیما پربھارت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور وہاں رہنے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے اور وہ اس وقت انڈیا کی گریٹر نوئیڈا کی لکسر جیل میں بے یارومدد گارہے۔
سیماغلام حیدر سے بیورو آف امیگریشن سمیت مرکزی ایجنسیاں اور اتر پردیش کا انسداد دہشت گردی اسکواڈ بھارت میں داخل ہونے کے معاملے پرجیل میں تفتیش کررہا ہے۔جیل حکام کے مطابق سیما حیدر اپنے 4بچوں کے ساتھ، جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، گریٹر نوئیڈا کی لکسر جیل میں پاکستان کی طرف سے قانونی و سفارتی مدد کی منتظرہے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی سیماحیدر جاکھرانی کوبھارت میں سفارتی اورقانونی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان میں حقوق انسانی کے اداروں کے علاوہ بیرون ملک قیدیوں کی مدد کرنے والی کسی تنظیم نے تاحال کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔