اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم شہبازشریف بھی معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دوست ملک سوئٹزر لینڈ کے وزیرخارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، سوئس وزیرخارجہ سے مفید اور تعمیری بات چیت ہوئی، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت کو فروغ دیں گے، پاکستان خطے میں تناؤ نہیں چاہتا، ہمارا ملک دنیا میں خوشحالی اور امن کا فروغ چاہتا ہے۔ تعلیم، آئی ٹی اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ پاکستان پر آئے سوئٹزرلینڈ کے وزیرخارجہ سمیت سوئس وفد کیساتھ بھی فرداً فرداً ملاقات کی اور انھیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ہونے والی ملاقاتیں انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئیں۔