ملک میں جاری بارشوں سے ڈیمز پانی سے بھرنے لگے

اسلام آباد(اُمت نیوز)ملک کے مختلف حصوں میں جاری بارشوں کے اثرات کے باعث ڈیمز پانی سے بھرنے لگے، 3 بڑے ڈیموں میں ایک روز میں پانی کے ذخائر میں 2 لاکھ ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوگیا۔
ملک میں پری مون سون بارشوں کے باعث ڈیمز میں پانی کا ذخیرہ اور دریاؤں میں بہاؤ بڑھنے لگا ہے۔
ارسا حکام کے مطابق تینوں بڑے ڈیمز تربیلا، چشمہ اور منگلا میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 80 لاکھ ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے، جو کہ گزشتہ روز 78 لاکھ ایکڑ فٹ تھا۔
حکام کے مطابق تربیلا ڈیم میں آج پانی کا ذخیرہ 40 لاکھ 13 ہزار فٹ ہے، گزشتہ روز پانی کا ذخیرہ 39 لاکھ 14 ہزار ایکڑ فٹ تھا۔
اسی طرح سے منگلا ڈیم میں آج پانی کا مجموعی ذخیرہ 38 لاکھ 12 ہزار ایکڑ فٹ ہے جبکہ گزشتہ روز پانی کا ذخیرہ 37 لاکھ ایکڑ فٹ تک تھا۔
ارسا حکام کے مطابق چشمہ ڈیم میں آج پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 76 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ ہوا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں جاری بارشوں کے باعث پانی کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو ڈیمز میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔