لنڈی کوتل(نمائندہ امت) لنڈی کوتل خیبر زخہ خیل میں گزشتہ روز ایک بڑا جرگہ منعقد ہوا جس میں علاقے کے علماء کرام بلدیاتی نمائندگان اور دیگر مکاتب فکر لوگوں نے شرکت کی۔جرگہ مشران نے متفقہ طور پر شادی میں ناچ گانے کی محافل سجانے والوں کا سوشل بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔ولیمہ میں شرکت نہ کرنے سمیت نماز جنازہ اور نکاح نہیں پڑھائیں گے۔علمائے کرام ،مشران اور بلدیاتی نمائندوں کا تحریری فیصلے پر دستخط کردیئے۔تفصیلات کے مطابق مفتی عصمت الرحمان مولانا تجلی شاہ مفتی مجید اللہُ مولانا عاقب فلاحی کمیٹی اراکین الیاس شینواری چیئرمین عزیز اللہ آفریدی اور آخترعلی شینواری نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر علاقے میں شادیاں بہت زیادہ ہوتی ہے جس میں لوگ پھر میوزک پروگرام کا انعقاد کرتے ہیں جبکہ رقص کے لئے خواجہ سراوں کو بھی مدعو کرتے ہیں جو ساری رات رقص اور میوزک کی محافل سجائی جاتی ہیں۔
جس سے علاقے میں فحاشی پھیلتی ہے اور نوجوانوں پر برے اثرات پڑتے ہیں جبکہ اس طرح محافل سجانا گناہ اور عذاب الہی کو دعوت دینا ہے۔لہذا متنبہ کیا جاتا ہے کہآئندہ کسی نے میوزک پروگرام کا انعقاد کیا اور خواجہ سراوں کو لایا تو متعلقہ خاندان سے مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا علماء ان کا جنازہ نہیں پڑھائیں گے اور دعوت ولیمہ میں شرکت نہ کرنے سمیت نکاح بھی نہیں پڑھائیں گے۔ علماء کرام بلدیاتی نمائندگان اور دیگر مکاتب فکر کے مشران نے باقاعدہ طور پر جرگہ فیصلے کو تحریری شکل دیکر اس پر دستخط کئے اور سوشل میڈیا پر شئیر کیا اسے حوالے سے اے سی ارشاد مہمند نے بتایا کہ غم خوشی رسومات ہے ہر کوئی اپنے طرز پر مناتے ہیں جبکہ اسلام میں بھی واضح احکامات ہیں باقی یہ پرائیویٹ مسئلہ ہے لوگ کس طرح مناتے ہیں یہ ان پر منحصر ہے۔
بائیکاٹ/ دھمکی