مقبوضہ بیت المقدس (امت نیوز) اسرائیلی جارح فورسز نے نابلس اور رام اللہ میں مزید 4 فلسطینی شہید کردیئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جنین میں وحشیانہ کارروائیوں کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس اور رام اللہ پر حملہ کردیا جہاں فورسز کی جارحیت سے چار فلسطینی شہید ہو گئے۔ قابض اسرائیلی فورسز نے 2 افراد حمزہ مقبول اور خیری شاہین کو نابلس میں گھر کا محاصرہ کر کے شہید کیا جبکہ عبدالجواد کو سفاعت کیمپ کے قریب غیر قانونی اسرائیلی چوکیوں کے خلاف احتجاج کے دوران گولی ماری۔ مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں قائم ابو دیس قصبے کے پہاڑی کیمپ کے قریب بھی قابض فوج نے بمباری کی۔ فلسطین کے علاقے جنین میں جنونی صیہونی فوج کا آپریشن ختم ہونے کے بعد جہاں ہر سو تباہی کے مناظر وہیں جنازے بھی اٹھے۔ کوئی اپنے گھر کی تباہی کو دیکھ کر پریشان ہے تو کوئی اپنے پیاروں کے شہید ہونے پر غمزدہ ہے۔ آپریشن ختم ہونے کے بعد میتیں گھروں سے نکلیں تو ہر آنکھ اشک بار تھی، شہداء کے جنازوں میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر صیہونی مخالف نعروں سے فضا گونج اٹھی ، شہداء کو اجتماعی قبر میں سپردِ خاک کرنے کے بعد فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔