فائل فوٹو
فائل فوٹو

آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی مہم، وزیراعظم کی شدید مذمت

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے سے متعلق سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ منصوبہ سازوں اور ہینڈلرز کو پیغام دے رہے ہیں، پاکستان اور اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور فوج کے خلاف گھٹیا پراپیگنڈا شیطانی ذہنیت کا عکاس ہے۔ سازشی عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سرگرم ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتی۔ یہ سازش پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔ قوم اس سازش کو 9 مئی واقعات کی طرح ناکام بنائے گی۔ مایوس عناصر کو ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے۔ قوم فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ  9 مئی کے یوم سیاہ کیلئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، انہوں نے متعلقہ اداروں کو سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔