دھماکہ ہوٹل کے کچن میں ہوا، ملبہ ہٹانے کیلیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی، فائل فوٹو
دھماکہ ہوٹل کے کچن میں ہوا، ملبہ ہٹانے کیلیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی، فائل فوٹو

جہلم، دھماکے سے ہوٹل کی عمارت زمین بوس، 5 افراد جاں بحق

جہلم: جہلم کے قریب ہوٹل میں سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پوری عمارت گر گئی، حادثے میں5 افراد جاں بحق جبکہ 15 زائد  زخمی ہو گئے۔

نجی ٹی وی کےمطابق سلنڈر دھماکے سے عمارت لرز گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہو گئی، ہوٹل میں موجود متعدد افراد کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا اور ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔

بتایا گیا ہے کہ دھماکہ ہوٹل کے کچن میں ہوا، ملبہ ہٹانے کیلیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی، سول ڈیفنس اور پولیس بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک ہے، عمارت کا ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

پولیس سول ڈیفنس اور عام شہری جائے حادثہ پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں، ڈی سی اور ڈی پی او امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔