لاہور:بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا، دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا، پی ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت نے 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی اُجھ بیراج سے دریائے راوی میں چھوڑا، 65 ہزار کیوسک پانی کا ریلا اگلے 20 سے 24 گھنٹوں میں راوی میں پہنچے گا، ریلے کے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں ،مرالہ ہیڈ ورکس اور جسر پر مانیٹرنگ جاری رکھے،عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، راوی سے منسلک اضلاع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں اور الرٹ رہیں۔
اس سے قبل این سی او سی نے خبردار کیا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، اور نارووال میں تیز بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں بھمبر، ڈیک، پلکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔