لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث اہم سرغنہ کو گرفتارکرلیا ۔
ایف آئی اے نے مرکزی ملزم آصف سنیارے کے بھائی محمد سلیم سنیارے کو گجرات سے گرفتار کیا۔ جو یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم آصف سنیارے کا بھائی ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے متعدد پاکستانیوں کو غیر قانونی راستے سے یورپ بھجوانے کے لیے کروڑوں روپے بٹورے۔ملزم کے خلاف 9 مقدمات ایف آئی اے گجرات سرکل میں درج تھے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم یونان کشتی حادثے کے بعد روپوش ہوگیا تھا، جسے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم سلیم حوالہ ہنڈی کے ذریعے اپنے بھائی آصف کو پیسے بھجواتا تھا، جو کہ اس وقت لیبیا میں موجود ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق آصف سنیارے نے لیبیا میں متعدد سیف ہاؤسز بنائے ہوئے ہیں۔