کراچی: گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے خاکہ تیار کرالیا، جو سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کی مدد سے بنایا گیا۔
گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب راہ چلتی لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کوششیں تیز کردیں۔
واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں پولیس نے ملزم کا خاکہ تیار کروایا ہے تاکہ لڑکی کو ہراساں کرنے والے شخص کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق 300 لوگوں سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے جبکہ سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کی مدد سے خاکہ تیار کیا گیا۔
پولیس حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی ہے، کمیٹی میں ایس پی گلشن، دو ڈی ایس پیز اور دو ایس ایچ اوز شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک اوباش نوجوان نے گلستان جوہر میں راہ چلتی لڑکی پر جنسی حملے کی کوشش کی تھی لیکن مزاحمت کے بعد لڑکی بھاگ گئی تھی۔