جہلم میں سلنڈر دھماکہ سے تین منزلہ ہوٹل زمیں بوس-7جاں بحق

 

جہلم (نمائندہ امت؍ مانیٹرنگ ڈیسک ) ہوٹل میں سلنڈردھما کہ کے نتیجے میں تین منزلہ عمارت زمین بوس، ملبے تلے دب کر7 افراد جاں بحق،8 زخمی ہوگئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ ہوٹل کے تہہ خانے میں موجود ایل پی جی سلنڈوں کے سٹاک میں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم میں جی ٹی روڈ کشمیر کالونی راٹھیاں پر واقع 3 منزلہ ہوٹل میں سلنڈر پھٹنے سے عمارت زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر7فراد جاں بحق ہوگئے۔ موقع پر موجودریسکیو اہلکاروں کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن میں ملبے تلے 25 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ تھا، 15 افراد کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ 2زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں راولپنڈی منتقل کیاگیاہے۔ دیگر کے لیے آپریشن جاری ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ ہوٹل کے تہہ خانے میں موجود ایل پی جی سلنڈروں کے سٹاک میں ہوا۔ دھماکے کے وقت ہوٹل میں لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میڑ تک سنی گئی۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کے علاوہ پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ملبے تلے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ جہلم کے سماجی ،عوامی حلقوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی اور چشم پوشی کی وجہ سے جہلم اور گردونواح میں جگہ جگہ سلنڈرو ں کی غیر قانونی ری فلنگ دھڑلے سے کی جا رہی ہے جس سے مقبل ازیں بھی متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں ۔عوامی اور سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی دھندے کی سرپرستی کرنے والے محکموں کے افسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ایسے حادثات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ قیمتی انسانی جانوں کو بھی بچایا جا سکے۔