اہور (بیورورپورٹ)ریڈیو آرکائیوزکو محفوظ کرنے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ کیاگیاہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مثبت ذرائع ابلاغ کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں تمام اداروں کو بری طرح تباہ کیا، چار سال ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے، ریڈیو اور دیگر ذرائع ابلاغ قومی ورثہ وقت کی اشد ضرورت ہیں، سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کا مثبت بیانیہ اجاگر ہوگا، عوام کو سستی تفریح فراہم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ریڈیو پاکستان لاہور میں مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ورثہ اور ثقافت کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج پوری دنیا تک پہنچانا ہے، اس وقت پاکستان کی نوجوان نسل کو مثبت ذرائع ابلاغ کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ حکمرانوں نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں تمام اداروں کو بری طرح نقصان پہنچایا، انہی چار سالوں میں ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہونا چاہئے نہ کہ پٹرول بم۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2017-18میں فلم پالیسی کی بنیاد رکھی اور اس کیلئے بجٹ بھی مختص کیا گیا لیکن بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے ہرادارے کو تباہ کیا، پاکستان ٹیلی وژن اور ریڈیو پاکستان کو نیلام کرنے کی باتیں کی گئیں، انہیں احساس تک نہ تھا کہ نیشنل براڈ کاسٹ کی حفاظت کی جاتی ہے نہ کہ اسے نقصان پہنچایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی دہشت گردی کا واقعہ رونما ہو تو اسے پوری دنیا میں دکھایا جاتا ہے لیکن پاکستان کی کلچرل ٹورازم کو دنیا نہیں جانتی جسے سکرین کی سیاحت کے ذریعے مثبت بیانیہ بناکر دکھایا جائے گا اور حکومت نے ورثہ، ثقافت اور سینما کے ذریعے کلچرل بیانیے کوبحال کرنے کیلئے پوری طرح قانون سازی کی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلم سازی میں استعمال ہونے والے آلات کی درآمد کیلئے ایف بی آر کے ذریعے ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فلمیں بنیں اور دنیا کو پاکستان کا سافٹ امیج دکھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سینما ہاؤسز مختلف وجوہات کی بنا پر پٹرول پمپس اور شادی ہال میں تبدیل ہوئے کیونکہ فلم پروڈیوسر کیلئے ممکن نہیں تھا کہ وہ اسے مزید چلا سکے لیکن حکومتی پالیسیوں کی بدولت اس عید پر پانچ سے چھ فلمیں ریلیز ہوئیں اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آرہی ہے۔ اس رجحان کی اہمیت کے پیش نظر ریڈیو پاکستان میں عوام کیلئے پہلا ڈیجیٹل سینما بنانے جا رہے ہیں، سینما ہاؤسز کا مقصد نوجوانوں کو سستی تفریح فراہم کرنا ہے، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سینما اور تھیٹرز بنائے جائیں گے۔ایف بی آر انہیں بھرپور ریلیف بھی دے گا۔انہوں نے کہا کہ فلم فنانسنگ کونسل نے بجٹ میں دو ارب روپے مختص کئے ہیں اب کوئی بھی ڈاکومنٹری، شارٹ فلم یا فلم بنانا چاہے تو حکومت اس کی معاونت کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ ہفتے میوزک فلم پالیسی کو لانچ کیا جا رہا ہے اور پورے ملک کی میوزک ہسٹری کو نیشنل ڈیجیٹل آرکائیو کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 15جولائی سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے میوزک کے ٹیلنٹ کو پرموٹ کیا جائے گا اور اس کا آغاز سندھ سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کلاسیکل میوزک ریسرچ سیل میں تمام لوگ بشمول طالب علم تحقیق کرسکتے ہیں جس کے ذریعے دور دراز کے نوجوانوں کے فن کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی جبکہ ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ ٹریننگ لیب میں پریکٹیکل کام کی سہولت موجود ہوگی جو پہلے کہیں نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام چیزیں ہوں گی تو یونیورسٹیوں کے نوجوان کسی کے نفرت انگیز بیانیے، انتشار اور فتنے میں نہیں آسکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ اسی مقصد کیلئے تقسیم کئے کہ ان کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہوں نہ کہ پٹرول بم اور بچوں کے پاس میوزک ہو نہ کہ نفرت اور گالی گلوچ۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے ذریعے سی پیک آیا تو سب سے بڑا حصہ روڈ نیٹ ورک، ون بیلٹ ون روڈ اور کلچر وثقافت کا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اکیڈمی سے یونیورسٹی طلبا ڈگری پروگرام کے ذریعے ایکٹنگ اور پروڈکشن میں کام کرنا چاہتے ہیں جسے تمام یونیورسٹیز کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ انفارمیشن اکیڈ می میں تمام جامعات کے طلبا کی تربیت کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں نے ریڈیو پاکستان پر حملہ کیا اور تین دن تک اپنے مطلوبہ ہدف تک پہنچنے کی کو شش کرتے رہے اور چاغی آرکائیو کو بھی جلادیا جس کا کوئی بیک اپ نہیں، اب تمام آرکائیو ڈیجیٹل کرنے جا رہے ہیں۔