لاہور(امت نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قرضوں سے معیشت چلانے اور سودی نظام جاری رکھنے پر پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ایک پیج پر ہیں۔ موجودہ حکومت میں شامل مذہبی جماعتیں بھی سودی نظام پر خاموش ہیں، ملک میں شرح سود دنیا میں سب سے زیادہ ہے، حکومت پندرہ مہینوں میں ایک وعدہ پر بھی عمل نہیں کرسکی۔ کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسمعیل خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہحکمرانوں نے آئندہ نسلوں پر بھی قرضوں کا کوہ ہمالیہ لاد دیا۔ پرویز مشرف نے پیسے لے کر ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا، نام نہادجمہوری حکمرانوں کے دور میں ایمل کانسی اور یوسف رمزی کو فروخت کیاگیا۔ غلام اور بزدل حکمران ایک دفعہ بھی امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بات نہیں کرسکے۔ کشمیر پر پسپائی اختیار کرنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے، حکمرانوں نے ملک کے نظریے اور جغرافیے کو نقصان پہنچایا۔ ہم جنس پرستی کا ٹرانس جنیڈر قانون بنانے میں تمام حکمران جماعتوں کی مرضی شامل تھی۔ کئی اسلامی ممالک نے سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کیے، پاکستان کی حکومت نے احتجاجی جلسہ کردیا، حکومتی اقدامات سے مطمئن نہیں، قرآن کریم کی بے توقیری برداشت نہیں کریں گے، اسلام کی عظمت کے تحفظ کے لیے کوئی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے، سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے، سٹاک ہوم سے پاکستانی سفیر واپس بلایا جائے، او آئی سی سویڈن کا معاشی بائیکاٹ کرے، اقوام متحدہ تکریم مذاہب کا قانون پاس کرے۔ جماعت اسلامی اسلام اور پاکستان پر کسی کمپرومائز کے لیے تیار نہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبر پختو نخواہ عبد الواسع، امیر ضلع ڈیرہ اسمعیل خان محمد منتظر،نائب امیر جماعت اسلامی کے پی کے محبوب جانان،اور اعجاز اعوان رہنما جماعت اسلامی ڈیرہ اسمعیل خان بھی موجود تھے۔