حب نہر اور این ای کے کا نوے فیصد پانی چوری ہونے کا انکشاف

کراچی(رپورٹ : سید نبیل اختر)حب نہر اور این ای کے کا نوے فیصد پانی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پمپنگ کی مرکزی لائنیں غیر قانونی کنکشنز کے باعث مکینوں کو محض دس فیصد پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔کئی دنوں سے نیو کراچی اور اطراف کے لاکھوں مکین پانی کی بوند بوند سے محروم تھے ، احتجاج کے بعد اتوار کو پانی کی سپلائی شروع کی گئی ۔ تاہم یہ سپلائی پانی چوروں کے خلاف آپریشن کے باعث دوبارہ بند کردی جائے گی اور مکین ٹینکرز پھر پانی خرید نے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ حب نہر سے آنے والی آنے والی مرکزی لائن پر پانی چوری کی روک تھام کیلئے ایم ڈی واٹر بورڈ نے اٹھارہ گریڈ کے ایک تجربہ کار افسر عبداللہ عمران کو اینٹی تھیفٹ سیل ٹیم ٹو کا سربراہ مقرر کیا ہے ، وہ خصوصی طور پر حب نہر سے آنے والی پانی کی لائن سے غیر قانونی کنکشن کاٹنے پر مامور کیے گئے ہیں جبکہ محمد عامر کو لیڈر کی حیثیت سے ٹیم میں خدمات جاری رکھیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے کرپٹ عملے کی ٹینکر مافیا کے ساتھ ملی بھگت نے نارتھ کراچی کے علاقے کو کربلا میں تبدیل کر دیا ہے اور مذکورہ علاقے کے مختلف سیکٹروں میں کئی دنوں سے پانی فراہم نہیں کیا جا سکا ہے جس کی بنیادی وجہ نوے فیصد پانی کا چوری ہونا بتایا جاتا ہے ۔ نارتھ کراچی کے سیکٹر 7D3سیکٹر7D2سیکٹر7D1سمیت مختلف سیکٹروں کے مکین بھی پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں ،بحران کی اصل وجہ علاقے کا پانی چوری ہو جانا اور وہی پانی ٹینکروں کے زریعے سے شہریوں کو بھاری قیمت پر فروخت کیا جانا ہے،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو پانی نارتھ کراچی کے شہریوں کے لئے سپلائی کیا جاتا ہے وہ اجمیر نگری پمپنگ اسٹیشن پر تعینات عملہ چوری کروارہا ہے اور شہریوں کو سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے ،ذرائع نے بتایا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ نے مذکورہ معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے اتوار کو پانی کی سپلائی آن کرنے کے احکامات دیے ہیں جس پر عملدرآمد کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب اینٹی تھیفٹ سیل ٹیم ٹو کی سربراہی اٹھارہ گریڈ کے افسر عبداللہ عمران کو سونپ دی ہے جو حب نہر سے کراچی آنے والی لائن سے غیر قانونی کنکشن ختم کرنے پر مامور کیے گئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این ای کے کی لائن دوبارہ بند کی جائے گی جس کی وجہ پانی چوروں کے خلاف آپریشن بتایا جاتا ہے ، واٹر بورڈ کے متعلقہ افسر نے بتایا کہ پانی چوروں کے خلاف آپریشن کے بعد نارتھ کراچی نیو کراچی اور اطراف کے مکینوں کو پانی کی بہتر سپلائی کی جاسکے گی ۔