لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف نیب تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، نیب لاہور نے عثمان بزدار کی گرفتاری کا فیصلہ کرلیا ۔
ذرائع کے مطابق نیب نے چیئرمین نیب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی ہے، نئے آرڈیننس کے تحت عثمان بزدار کو دوران انکوائری بھی گرفتار کیا جا سکتا یے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار پر نئے آرڈیننس کا اطلاق کیا جائے گا، عثمان بزدار طلبی کے باوجود 14ویں مرتبہ نیب لاہور پیش نہیں ہوئے۔
عثمان بزدار کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ عثمان بزدار نیب لاہور پیش نہیں ہو سکتے، جسے نیب نے مسترد کردیا۔ نیب نے عثمان بزدار کے وکیل سے جواب وصول کرنے سے بھی انکار کردیا۔
نیب ذرائع کے مطابق عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات، تقرر و تبادلے، ٹھیکوں میں بے ضابطگی تحقیقات چل رہی ہیں، عثمان بزدار سمیت خاندان پر 9 ارب سے زائد اثاثہ جات بنانے کا کیس زیر تفتیش ہے.