کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشتگردی عدالت نے شہریوں کو اغواء کرکے نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پررکھنے کے الزام میں نامزد سابق ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عبد المعید کی ضمانت منسوخ کردی،عدالت نے عبد المعید کو گرفتار کرواکر جیل بھیج دیا،عدالت نے شریک ملزم آصف کی بھی درخواست ضمانت مسترد کردی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزمان پرشہریوں کو اغواء کرکے تاوان وصول کرنے کا سنگین الزام ہے اگرجرم ثابت ہوا تو ملزمان کو عمرقید کی سزا ہوسکتی ہے،پراسکیوشن نے کیس کا چالان جمع کرادیا ہے.
پیرکو دوران سماعت مدعی مقدمہ نے عدالت کو بتایا کہ 22 مارچ کو میرے کزن کے فون نمبرسے کال آئی کہ عصمت ہمارے پاس ہے 50 لاکھ روپے دیکر لے جاؤ،بات چیت کے بعد چارلاکھ روپے میں معاملات طے پائے،ملزمان نے پیسے لیکرحیدری نارتھ ناظم آباد بلوایا تھا بعد میں ہمیں نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پر لے گیے تھے جہاں ہم نے پولیس اہلکاروں کو چار لاکھ روپے دیئے.
علاوہ ازیں انسداد دہشتگری عدالت نے ہندو تاجرساگر کے اغواء کیس میں سی ٹی ڈی انسپکٹر و دیگرملزمان کیخلاف مقدمے کا فیصلہ سنادیا،پراسیکیوشن ایک بارپھرعدالت میں ملزمان کیخلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا،عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پرانسپکٹرجاوید حسین شیخ سمیت تین ملزمان کو بری کردیا ملزمان پر ہندو تاجرساگر کو اغوا کرکے تاوان مانگنے کا الزام تھا،تفتیشی افسرنے بتایا کہ ملزمان پرمبینہ طورپر ہندو تاجرکو اغوا کرنے اور50 لاکھ روپے تاوان مانگنے کا الزام تھا۔