ماسکو (اُمت نبوز)روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے اعدادوشمار کے حوالے سے پہلے آزادانہ تجزیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب تک جنگ میں روس کے 50ہزار سے زائد فوجی مر چکے ہیں۔خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق روس کے دو آزاد میڈیا کے اداروں میڈیا زونا اور میڈیوزا نے ، قبروں کی سوشل میڈیا پوسٹ اور تصاویر کی بنیاد پر یہ رپورٹ تیارکی گئی ہے،ان اداروں نے جرمنی کی تبنجن یونیورسٹی کے ڈیٹا سائنسدان کے ساتھ روس کو جنگ میں پہنچنے والے جانی نقصان پر روشنی ڈالی اور اس میں اسی طریقہ کار کا استعمال کیا، جو کووڈ-19 کے دوران موت کے اعدادوشمار کے تعین کے لیے جاتا تھا اور اس طرح اس بات کا اندازہ لگایا گیا کہ اب تک فروری 2022 سے مئی 2023 کے دوران عام حالات کے مقابلے میں کتنے زیادہ 50سال سے کم عمر افراد کی موت ہوئی۔ابھی تک روس یا یوکرین میں سے کسی نے بھی جنگ میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کے حوالے سے درست اعدادوشمار جاری نہیں کیے اور دونوں ایک دوسرے کے نقصانات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔روس نے اب تک اس جنگ میں کُل 6ہزار فوجیوں کی موت کو عوامی سطح پر تسلیم کیا ہے لیکن اعدادوشمار کے تجزیے سے پتا چلتا ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔روس میں اصل اعدادوشمار جاننا اس لیے بھی کافی مشکل ہے کیونکہ ایسی تمام رپورٹس کو حکومتی سرپرستی میں پوری شدت کے ساتھ دبا دیا جاتا ہے اور ایسی رپورٹس شائع کرنے والوں کو ہراساں کیے جانے کے ساتھ ساتھ سنگین مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ان تمام چیلنجز کے باوجود روسی ذرائع ابلاغ نے رضاکاروں کے ایک نیٹ ورک کے ساتھ کام کیا اور روس بھر میں قبروں کی سوشل میڈیا پوسٹ اور تصاویر کی بنیاد پر جنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تصدیق کی، ان کے مطابق 7 جولائی تک 27ہزار 423 روسی فوجی مارے جا چکے ہیں۔میڈیا زونا میں بطور ایڈیٹر کام کرنے والی دمتری تریش چنن نے کہا کہ یہ صرف وہ فوجی ہیں جنہیں ہم نام سے ان کی موت کی تاریخ کے ساتھ جانتے ہیں اور اس کی متعدد ذرائع سے تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جو اندازہ لگایا اس نے ہمیں یہ موقع دیا کہ ہم ان اموات کو بھی منظرعام پر لا سکیں جس کو روسی حکومت چھپانے کی بے انتہا کوشش کررہی ہے۔یاد رہے کہ مئی میں وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یوکرین میں دسمبر کے بعد 20ہزار سے زائد افراد مر چکے ہیں جبکہ رواں سال فروری میں برطانوی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ جنگ میں 40 سے 60ہزار روسی فوجی مارے جا چکے ہیں۔یوکرین جنگ