خیبر پختون کی تین یوسیز میں وزیراعظم-وزراء کے جانے پر پابندی

پشاور(سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن نے خیبر پختون کی تین یوسیز میں وزیراعظم-وزراء کے جانے پر پابندی عائد کردی۔ایبٹ آباد ،حویلیاں اور متھرا میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی نہیں کیا جا سکے گا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحصیل کونسل حویلیاں، ایبٹ آباد اور تحصیل کونسل متھرا پشاور کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ،کاغذات نامزدگی جمع کرانے سلسلہ 10جولائی سے شروع ہوگیا جو 12جولائی 2023تک جاری رہے گا۔13جولائی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 14جولائی سے 16جولائی کو ہوگی۔کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 17جولائی سے 18جولائی تک داخل کی جاسکیں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ان اپیلوں پر فیصلہ 20جولائی تک کیا جائے گا ۔امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21جولائی کو جاری کی جائیگی۔امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 22جولائی تک واپس لے سکیں گے۔ اسی طرح 23جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرکے ان کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے اور پولنگ 6 اگست کو ہوگی۔8اگست کو ریٹرننگ افسران حتمی نتائج کا اعلان کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق ان اضلاع میں سرکاری ملازمین کی ترقیوں اور تبادلوں پر پابندی عائدکی گئی ہے۔ وزیراعظم، سپیکر/ڈپٹی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی، وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت عوامی نمائندوں کا ان کونسلوں میں انتخابات تک جانے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پر پابندی ہوگی۔