سری لنکا (اُمت نیوز)دورہ سری لنکا کے پریکٹس میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین نے تقریباً ایک سال بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپس آتے ہوئے اپنی بولنگ سے اپنے بلند عزائم ظاہر کردیے۔
شاہین شاہ آفریدی نے ہمبنٹوٹا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے پہلے پریکٹس میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے کامندو مینڈس کو وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ کروایا، کاوشکا انجولا کو بولڈ کیا جبکہ شاہین کی گیند پر وکرما سنگھے کا کیچ سلپ میں عبداللّٰہ شفیق نے کیا۔
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی گزشتہ سال پاکستانی ٹیم کے دورہ سری لنکا کے گال ٹیسٹ میں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کےلیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔
ہمبنٹوٹا میں دو روزہ پریکٹس میچ کے پہلے دن شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون 46 اعشاریہ 3 اوورز میں 196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
میزبان ٹیم کی اننگز کی خاص بات اوشادا فرنینڈو کی سنچری تھی جنہوں نے 127 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں کی مدد سے 113 رنز اسکور کیے۔
واضح رہے کہ 31 سالہ فرنینڈو 21 ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے 12 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
حسن علی نے 22 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آل راؤنڈر عامر جمال اور لیگ اسپنر ابرار احمد نے بالترتیب 33 اور 52 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔ شان مسعود نے 66 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
امام الحق 36 اور عبداللّٰہ شفیق 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 14 اور سعود شکیل صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ اتوار سے گال میں کھیلا جائے گا۔