اسلام آباد: بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملے اورسوئی میں جھڑپ کے دوران12 فوجی جوان شہیدہوگئے،سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 7دہشتگرد بھی ہلاک ہوگئے۔ ژوب کینٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں9 فوجی جوان شہید ہوگئے، سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے گیریژن میں گھسنے کی کوشش کی تاہم ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے ان کوناکام بنا یااور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا، دیگر دودہشتگردوں کوایک چھوٹے سے علاقے میں گھیرکر ان کی گرفتاری کیلئے کلئیرنس آپریشن کیا گیا،رات کو سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرتے ہوئے باقی دو دہشتگردوں کو بھی ہلاک کردیا۔
ساری کارروائی میں دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں چار فوجی جوان شہید اور پانچ شدیدزخمی ہوئے،رات گئے شدید زخمی5سپاہیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔واقعہ میں شہید ہونے والے ایک جوان مہر مسعود مٹ کھرل کا تعلق چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 32-35/14-L مٹاں والا سے ہے۔ شہیدوں کی سرزمین خٹک بیلٹ کا ایک اور سجیلا جوان لانس نائیک گل حمید خان ولد عباس خان ساغر خیل سکنہ زیڑی بلوچستان کے علاقہ ژوب میں پاک آرمی میں فرائض سر انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے۔شہید گل حمید خاں نے سوگواران میں معصوم بیٹی، بیٹا، بیوہ اور والدین چھوڑے ہیں۔ادھر سکیورٹی فورسزاوردہشتگردوں کے درمیان سوئی میں جھڑپ ہوئی۔آئی ایس پی آرکے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشتگردمارے گئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 3سکیورٹی اہلکارشہیدہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا سکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ایسی تمام گھناؤنی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ایس پی ژوب نے کہا دہشتگردوں نے راکٹ لانچروں اوردیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 شہری بھی زخمی ہوئے ۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نےدہشتگردوں کے حملے میں 9جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا شہداء قوم کا فخر ہیں،سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جان نچھاور کرکے ملک کو بہت بڑے جانی نقصان سے بچایا، قوم اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی،ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاملک کا تحفظ ہمارا مشن بھی ہے اور ہماری ذمہ داری بھی جو ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے،پاکستان کا دفاع اور سلامتی ہمارے شہدا کے مقدس خون اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ قوم کے مستقبل کی جنگ ہے، پچھلی دہائی میں ہماری بہادر افواج اور قوم نے مل کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا اور آئندہ بھی اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،اﷲ تعالی ان مقدس ارواح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دیں اور زخمیوں کو صحت یابی عطا فرمائے۔ آمین!۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ردعمل میں کہا دہشتگردوں سے شہدا کے خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیاں سکیورٹی فورسز نہ قوم کے حوصلے اور عزم کو متزلزل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے شہدا کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔سپیکر قومی اسمبلی پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نےحملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردوں کاحملہ ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین کیا اورکہا جوانوں نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر جرات وبہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔سابق صدر آصف زرداری نے کہا دہشت گرد ،منصوبہ ساز اور سہولت کار ناقابل معافی ہیں،قوم اپنے بہادر بیٹوں کے قاتلوں کونشانہ عبرت بنائے گی اور وطن دشمن دہشتگردوں کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔ایرانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پرجاری بیان میں حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہماری کی دعائیں شہداءکے ساتھ ہیں، زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔