پاکستان اور سری لنکا بورڈ الیون کے درمیان 2 روزہ وارم اپ میچ ڈرا

ہمبنٹوٹا (اُمت نیوز) پاکستان اور سری لنکا بورڈ الیون کے درمیان دو روزہ وارم اپ میچ ڈرا ہوگیا۔
سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا کے مہندرا راجا پاکسے سٹیڈیم میں کھیلا جانیوالا پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون کے درمیان دو روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہوگیا۔
میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 88 رنز بنائے تھے اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے، پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اوشادا فرنینڈو 6 رنز بناسکے، نووانیدو فرنینڈو31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔
پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 342رنز اسکور کیے ، شان مسعود کے 83 بابراعظم کے 79اور سعود شکیل کے61 رنز تھے، میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم نے 160رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی۔
بابراعظم نے جو14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ایک بار پھر اپنی ورلڈ کلاس کے مطابق بیٹنگ کی اور وہ 113 گیندوں پر 79 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے،سعود شکیل نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 86گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے۔
سرفراز احمد 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، سلمان علی آغا، محمد رضوان اور محمد حریرہ بارہ بارہ رنز بناکر آؤٹ ہوئے، لکشیاتھا مانا سنگھے نے82 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون پہلی اننگز میں196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس میں اوشادا فرنینڈو کی سنچری قابل ذکر تھی، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے تین تین وکٹیں حاصل کی تھیں، اب پاکستانی کرکٹ ٹیم اتوار سے گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوگی۔