اسلام آباد: بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد چار بچوں کے ہمراہ بھارت جانے والی سیما رند پر دفتر خارجہ کا بیان بھی سامنے آگیا۔ پاکستان نے سیما کی بھارت میں موجودگی پر نئی دہلی سے جواب مانگ لیا۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستان سے بھارت جانے والی سیما رند سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے سیما رند تک قونصلر رسائی مانگی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ بھارت سے سیما رند کی خیریت جاننے کی درخواست کی ہے، سیما رند کی وہاں موجودگی پر بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ سیما رند چار بچوں کی ماں ہے اور پب جی پر بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد چند روز قبل بذریعہ نیپال بھارت چلی گئی تھی۔
سیما ان دنوں نئی دہلی سے 90 کلو میٹردور ربو پورا گاؤں میں اپنے 4 بچوں کے ساتھ سچن کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ ابتدائی طور پر پولیس نے سیما اور سچن کو گرفتار کیا تھا لیکن اب وہ ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں۔