کراچی: پی ٹی آئی کے قائد حزب اختلاف کا عہدہ خالی ہونے کے بعد ایم کیو ایم نے رعنا انصار کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا۔
اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ اوروزرا کا اپوزیشن لیڈر پر بڑا شور ہے جب خط لکھیں گے تو جواب دوں گا۔
سندھ اسمبلی سے پی ٹی آئی کے ارکان کی غیرموجودگی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ خالی ہے، جس پر ایم کیو ایم نے رعناانصار کو سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے وڈیو بیان جاری کیا ہے کہ جس میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ اوروزرا کا اپوزیشن لیڈر پر بڑا شور ہے، اور تبصرے کیے جارہے ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ تبصروں پرکوئی پابندی نہیں ہوتی، گزشتہ روز وزیراعلیٰ نے ٹی وی پر کچھ باتیں کی ہیں، وہ جب خط لکھیں گے تو ہم خط میں جواب دیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا بیٹھ کر بات کریں گے، وہ جب مشاورت کے لئے بلوائیں گے تو ہم پہنچ جائیں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نگرانی سیٹ اپ کے لئے وزیراعلیٰ اوراپوزیشن لیڈر کومشاورت کرنی ہوتی ہے، ہم ویلکم کرتے ہیں اگر وزیرا علیٰ خط لکھیں گے، ان سے کہتا ہوں آپ کی لیڈر شپ کی بھی جلا وطنی کی لمبی تفصیل ہے، ہم تو ملک میں موجود ہیں جب کہیں گے آجائیں گے۔