ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سیشن جج اعظم خان نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس پر دائر اپیل منظور کرلی۔
عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سول جج نصر مِن اللہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ اور فیصلہ ریمانڈ بیک کرکے سول کورٹ کو دوبارہ سننے کی ہدایت کردی۔
قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کے غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس میں درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سول جج نصرمِن اللہ نے چیرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس ناقابلِ سماعت قرار دیا تھا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ دوران عدت نکاح کا معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔