اسلام آباد: سیشن کورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم دیدیا۔
سیشن کورٹ اسلام آباد میں چوکیدار اختر علی نے ایف 7گھر پرغیرقانونی چھاپے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست گزار نے آئی جی اسلام آباد، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، ایس پی نوشیروان کو نامزد کیا، مدعی کی جانب سے وکیل شیرافضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ سیکٹر ایف سیون میں شہرام ترکئی کے چچا کے گھر 22جون کی رات کو کچھ لوگ آئے، بغیروارنٹ اور بغیر کسی جرم میں مطلوب پولیس نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا، گھر کا مالک اور اس کے اہلخانہ حج کی ادائیگی کیلیے مکہ مکرمہ میں تھے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس نے گھر پر تباہی مچائی اور 2نوکروں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا،گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے ، دروازے ، الماری اور تالے اوزاروں سے توڑے،پولیس اہلکار سیف سے طلائی زیورات، 40لاکھ روپے، فون اور لیپ ٹاپ لوٹ لیے گئے۔
ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ نے مقدمہ اندراج کی درخواست منظور کرلی اورایس ایچ او تھانہ کوہسار کو آئی جی اسلام آباد اور دیگر کیخلاف درخواست کے مطابق اندراج مقدمہ کا حکم دیدیا۔