نئی دہلی: دریائے جمنا بپھرنے کے بعد بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اس وقت دریا کا منظر پیش کررہا ہے جہاں اہم شاہراہیں اور عمارتیں بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز دریائے جمنا کے بپھرنے کے بعد حکومت نے تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر سمیت تعلیمی اداروں کو بھی بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں سیلابی ریلہ وزیراعلیٰ ہاؤس اور اسمبلی ہال کے بعد سپریم کورٹ میں بھی داخل ہوگیا ہے، اس کے علاوہ گاندھی کے نام سے منسوب راج گھاٹ بھی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
سیلابی ریلا نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے گھر، اسمبلی ہال اور سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔ بھارتی دارالحکومت میں سرکاری سرگرمیاں اور معمولاتِ زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے۔
Flood has caused massive devastation in northern India, now has reached Delhi – Modi left for Paris! pic.twitter.com/I8eTMulhmo
— Ashok Swain (@ashoswai) July 13, 2023
نئی دہلی کے وزیراعلیٰ نے شہر کی اہم سڑکیں پانی میں ڈوبنے کے بعد آرمی ڈیزاسٹر ریلیف فورس سے مدد مانگی تھی جس کے بعد فوج کے اہلکار بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہےکہ گزشتہ روز جمنا ندی میں پانی کی سطح 208.66 میٹر تک ریکارڈ کی گئی تھی جس میں معمولی کمی آئی ہے اور اب پانی کی سطح 208.46 میٹر تک پہنچی ہے، امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آج دوپہر تک پانی کی سطح میں مزید کمی آسکتی ہے۔