افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق نہیں ادا کر رہا ،خواجہ آصف

اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق نہیں ادا کر رہا نہ ہی دوحہ معاہدے کی پاسداری کررہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اہنے پیغام میں خواجہ آصف نے لکھا کہ 50 سے 60 لاکھ افغانیوں کو پاکستان میں تمام تر حقوق کے ساتھ پناہ میسر ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ، ’اس کے بر عکس پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو افغان سر زمین پر پناہ گاہیں میسر ہیں، یہ صورت حال مزید جاری نہیں رہ سکتی‘ ۔
وزیردفاع نے مزید لکھا کہ ، ’پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا‘۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز 14 جولائی کو کوئٹہ گیریژن کے دورے کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کے اندر دہشتگرد حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر تشویش ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو افغانستان میں ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہوں اور آزادانہ طور سے دہشت گرد کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی، عبوری حکومت حقیقی معنوں میں دوحہ معاہدے میں کئے گئے وعدوں پر عملدرامد یقینی بنائے گی۔
یہ بیان بدھ کو بلوچستان میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے خلاف 2 دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں سامنے آیا جس میں ژوب اور سوئی میں حملوں میں 12 فوجی شہید ہوئے تھے