اسلام آباد( امت نیوز )پیٹرول 9روپے لیٹرسستا ہوگیا، ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں 7روپے فی لیٹرکمی کی گئی ہے، نئی قیمتیں بالترتیب 253 اور 253روپے 50 پیسے ہوگئیں۔وزیرخزانہ نے کہاہے کہ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں مزید کوئی تبدیلی نہیں کررہے ۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ اسحاق ڈار نے اپنے ویڈیو بیان میں آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا، قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ 16 جولائی سے 31 جولائی تک کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل واجب تھا، اس حوالے سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پچھلے 15 روز کے دوران ایک آئٹم میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے لیکن دوسرے آئٹم میں اضافہ ہوا ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا جس آئٹم میں اضافہ ہوا ہے ہم نے اس کو پاکستانی روپے میں بہتری کی وجہ سے کچھ تلافی کرنے کی کوشش کی ہے، پہلی جولائی کو پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی جو آئی ایم ایف سے طے تھا اس میں مزید کوئی کوئی تبدیلی نہیں کر رہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ 9 روپے کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 253 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 253 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔