چیئرمین پی ٹی آئی پاکستان کی تباہی کیلئے آیا تھا، عبدالقادر پٹیل

کراچی : وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی پرانی تقاریر ہی اس کی سزا ہے، انہوں نے سیاست میں گالم گلوچ اور جھگڑا متعارف کرایا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ وہ آئے ہی پاکستان کی تباہی کے لیے تھے، حکیم سعید اور ڈاکٹر اسرار نے ٹھیک کہا کہ یہ پاکستان کے ٹکڑے کرنے آیا ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم نے ایک شخص کو آئینی طریقے سcے کرسی سے ہٹایا، وہ شخص حکومت کرنے کے قابل بھی نہیں تھا، لوگ کہتے ہیں کہ اسے 5 سال پورے کرنے دیتے تو یہ ہمیشہ کے لیے فارغ ہوجاتا، لیکن ہم چاہتے تھے کہ جلد از جلد اسے ہٹائیں، ہم نے اقتدار کے لیے یہ قدم نہیں اٹھایا تھا، وہ ملک کا بھٹہ بٹھا دینا چاہتا تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پہلا وزیراعظم ہے جو آئینی طریقے سے فارغ ہوا، ہم نے تو اسے قومی اسمبلی میں 174 کی اکثریت دکھائی، اور وہ کہتا ہے کہ مجھے امریکا نے ہٹا دیا، اس کی پرانی تقریر ہی اس کی سزا ہے، یہ جو بات کرے اسے اس کی پرانی تقریر دکھاؤ۔

عبدالقادرپٹیل نے مزید کہا کہ تمہیں یہاں وہاں سے پکڑ کر لوگ دیے اور حکومت میں لایا گیا، انہوں نے سیاست میں گالم گلوچ اور جھگڑا متعارف کرایا، یہ ایک نئی نسل ہے جس میں عزت اور شائستگی نام کی کوئی چیز نہیں، اس نے معاشرے سے روایتی شائستگی کو تباہ کردیا، ہم نے ان کے کارکنوں کو سمجھانا ہے کہ سیاست میں اختلاف ہوتا ہے دشمنی نہیں۔