کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نجی سود کاری اور قرض دینے والوں کے خلاف قانون سندھ پرائیویٹ بل 2023 پر دستخط کردیئے۔ بل کے مطابق مقروض کو حراساں کرنے پر 5 سال سزا، 5 لاکھ جرمانہ ہوگا،سود خوری میں سہولت کار یا کمپنی کی جائیداد بھی ضبط ہوسکتی۔ بل کے مطابق قرض سے ایک روپیہ بھی اضافی وصول کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ دستخط کےبعد بل قانون بن گیا۔ گورنر سندھ کا کہنا ہےکہ سود خوروں کے خلاف عوام درخواست دیں، حکومت کارروائی کرے گی، اب کوئی قرض کی رقم پر سود نہیں لے سکتا، کوئی بلیک میل کرے یا دھمکائے تو گورنر ہاوس سے رابطہ کریں۔
ادھر گورنر ہاوس میں آئی ٹی کورسز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 10 ہزار امیدوار شریک ہوئے،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ان کا استقبال کیا، کئی ممالک کے قونصل جنرلز، سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ گورنر نے کہا کہ کراچی کا چہرہ کلاشنکوف نہیں، قلم پکڑے نوجوان ہیں، امیدواروں کو تربیت فراہم کریں گے، سوفٹ وئیر ہاوسز سے کئی اجلاس کئے، وہ 5 لاکھ ملازمت دینے کو تیار ہیں۔ ویب سائٹ سے رجسٹرڈ امیدواروں کو ٹیسٹ تاریخ سے بذریعہ ای میل آگاہ کیا جائے گا،.
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 300 تندور لگائے جائیں گے، جہاں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہوگی۔ یو اے ای قونصل جنرل کا بہترین کامیاب امیدوار کو نوکری دینے کا وعدہ خوش آئند ہے۔ دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے سینیٹر رضا ربانی نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ جس میں صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات، امید کی گھنٹی، راشن تقسیم اور نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ گورنر کے اقدامات مثالی ہیں۔