کراچی : کرپشن میں ملوث کسٹم افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل

کراچی:  اسپیڈ منی کے الزامات میں ملوث کسٹمز افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کردئیے گئے ہیں۔ذرائع کےمطابق ایف آئی اے کو مطلوب کسٹمز افسران کو بیرون ملک فرار سے روکنے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،کرپشن میں ملوث کسٹمز افسران کے نام اسٹاپ لسٹ پر ڈال دئیے گئے ہیں۔کسٹمز کلکٹرز ثاقب سعید، عثمان باجوہ،عامر تھہیم کا نام ایف آئی اے اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے.

گرفتار کسٹم افسر یاور عباس اور طارق محمود کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کردئیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں چھالیہ کے اسمگلر عمران نورانی کا نام بھی ایف آئی اے نے اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا ہے۔ امیگریشن کو مطلوب کسٹمز افسران کی فہرست ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے بھیجی ہے۔ذرائع کے مطابق کسٹم کے گرفتار اور مطلوب افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کے بعد مذکورہ نام صوبائی نیشنل آئیڈینٹی فکیشن لسٹ(پی آئی این ایل)میں بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کسی بھی شہری کی بیرون ملک روانگی کو روکنے کے لئے پی آئی این ایل میں نام ایک ماہ تک شامل رکھا جاسکتا ہے جبکہ اس مدت میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔