بھارت (اُمت نیوز)حالیہ دنوں میں بھارت میں ٹماٹروں کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا جس سے ایک کسان دیکھتے ہی دیکھتے کروڑ پتی بن گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پوُنے کا ایک کسان تکارام بھاگوجی اور اس کے خاندان والوں نے ایک مہینے میں 13 ہزار کریٹ ٹماٹر بیچ کر ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے کما لیے۔
بھارتی کسان تکارام 18 ایکڑ زرعی زمین کا مالک ہے جس میں سے 12 ایکڑ پر اس نے ٹماٹر کاشت کیے، ایک ہی دن میں اس کسان نے 900 کریٹ ٹماٹر فروخت کر کے 18 لاکھ بھارتی روپے کمائے۔ خیال رہے کہ بھارت میں ٹماٹر کاشت کرنے والے کچھ علاقوں میں شدید بارشوں اور کڑاکے کی گرمی کی وجہ سے فصلوں کو نقصان ہوا جس کے باعث اجناس کی قیمتوں میں تیزی آئی، مجموعی طور پر سال 2023 کے دوران بھارت میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت میں 445 فی صد اضافہ ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں عام طور پر جون جولائی کے دوران مون سون ہواؤں کے باعث ٹماٹروں کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے لیکن اس بار اضافہ معمول سے کچھ زیادہ ہوا ہے جس کا فائدہ کسانوں کو ہوا۔