پشاور (اُمت نیوز) سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلیں، آج خیبر پختونخوا کے کئی اہم رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کرینگے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور آج ان کی جانب سے نئی سیاسی جماعت کا اعلان متوقع ہے۔
گزشتہ دنوں میں پرویز خٹک کی کئی سابقہ ایم پی ایز سے ملاقاتیں ہوئیں، سابق وفاقی وزیر خیبر پختونخوا کے کئی اہم رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔
یاد رہے کہ پرویز خٹک کے دونوں بیٹے تاحال پی ٹی آئی میں شامل ہیں، دونوں صاحبزادوں کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ بھی ان کے والد ہی کریں گے۔
گزشتہ روز نوشہرہ کے مقامی صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا تھا کہ ان کی پہلی ترجیح اپنی سیاسی جماعت کا قیام ہے، نئی پارٹی کیلئے سیاسی رفقاء کے ساتھ مشاورت اور فائل ورک پر کام جاری ہیں۔
پرویز خٹک نے مزید کہا تھا کہ تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ چکا ہوں، دوبارہ تحریک انصاف کے جھنڈے تلے مزید سیاست نہیں کروں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے فارغ کردیا تھا۔