اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کی حمایت اور مدد کرنے پر سری لنکا کے صدر کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا، پاکستان کے عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا قریبی بااعتماد دوست ہیں، علاقائی ترقی اور امن کے لئے سری لنکا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،امید ہے کہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے جلد نکل آئیں گے۔
سری لنکا کے صدر نے آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے پر وزیراعظم کو مبارک پیش کی ،اور شہباز شریف کی مشکل حالات میں کاوشوں کو سراہا۔وزیر اعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹلینا جورجیوا سے ملاقات کے موقع پر سری لنکا کے صدر نے زور دیا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرے۔ سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ ڈیفالٹ کی وجہ سے سری لنکا کو شدید مصائب کا شکار ہونا پڑا، پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جائے۔