اسلام آباد : آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 258 ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی اور ملک کی داخلی سیکیورٹی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں ہمسایہ ممالک میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دہشت گرد گروپوں پر بھی بریفنگ دی گئی، اور دہشت گرد گروپس کے پاس جدید اسلحے کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان کی آپریشنل تیاریوں اور ٹریننگ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جب کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ٹریننگ اور پیشہ ورانہ تیاریاں داخلی سلامتی کیلئے ضروری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں فورم کو حکومت پاکستان کے معاشی اصلاحات کے پروگرام اور افواج پاکستان کے زراعت اور آئی ٹی اور ڈیفنس پروڈکشن کے شعبوں میں کردار پر بھی بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے زیر اہتمام کیے جانے والے اقدامات پر بھی فورم کو بریف کیا گیا، جب کہ شرکاء نے حکومت پاکستان کی جانب سے معاشی اصلاحات کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے پر زور دیا۔