کراچی(اسٹاف رپورٹر )سٹی کونسل کے پہلے اجلاس کے بعد حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اورسلیکٹڈ میئراچھی طرح سن لیں کہ کونسل ہال میں مائیک بند کرکے اہل کراچی کی مضبوط اورتوانا آوازکو ہرگزنہیں دبایا جاسکتا،یہ آوازصرف کراچی کی گلی کوچوں نہیں بلکہ پورے سندھ اورملک بھرمیں گونج رہی ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیہ کا بجٹ کونسل کے اجلاس میں پیش اورعوام کے منتخب نمائندوں سے منظور کروایا جائے، میئرکے انتخاب سے ایک دن پہلے بجٹ کو پرانی تاریخ میں ایڈمنسٹریٹرکے ذریعے منظور کروانے کے غیرقانونی عمل کو کسی صورت قبول نہیں کریںگے،پیپلزپارٹی نے اپنے کراچی دشمن اورجمہوریت کش رویے کی انتہا کردی،جماعت اسلامی بھرپور مزاحمت کریگی۔