اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ کے درمیان آٹھ اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
آٹھ اگست کو اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز پیپلزپارٹی نے دی تھی اور قانونی ماہرین کا بھی یہی کہنا تھا کہ اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کردی جائے۔قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کو رات 12 بجے ختم ہورہی ہے۔
وزیراعظم 8 اگست کو سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائیں گے جس پرصدر کے دستخط کے بعد قومی اسمبلی تحلیل ہوجائے گی۔
آئینی لحاظ سے اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد 60 روز کی مدت کے اندر انتخابات کا انعقاد کروانا ہوتا ہے۔
حکومتی اتحاد (پی ڈی ایم ) میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی سب سے اہم جماعتیں ہیں اور ان دونوں کے درمیان اسمبلی کی تحلیل پر اتفاق پاجانے کا مطلب ہے کہ انتخابات کا انعقاد 90 روز میں ہی کروایا جائے گا۔
قبل از وقت اسمبلی تحلیل کیے جانے سے یہ بات بھی واضح ہے کہ انتخابات کا انعقاد 90 روز میں ہوگا کیونکہ مدت پوری ہونے پر اسمبلی تحلیل کیے جانے پر آئینی لحاظ سے انتخابات 60 روز کے اندر کروانے ہوں گے۔
اطلاعات آرہی ہیں کہ سندھ اسمبلی بھی 8 اگست کو ہی تحلیل کی جائے گی، اس حوالے سے بھی اتحادیوں سے مشاورت کی جارہی ہے۔