مظفرگڑھ : تھرمل پاور کالونی میں تین کمسن بہنوں کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کے مطابق دو بہنیں سات سالہ فاطمہ اور آٹھ سالہ زہرہ کھیلنے گئیں اور کافی دیر تک واپس نہ آئیں۔ بہنوں کو ڈھونڈ نے کے لیے جانے والی گیارہ سالہ بہن اریشہ بھی گھر واپس نہ آئی۔
واقعہ کے حوالے سے پولیس کا مزید کہنا تھا کہ صبح ہونے پر تینوں بہنوں کی لاشیں ان کے گھر کے ساتھ موجود خالی کوارٹر سے برآمد ہوئیں۔ بچیوں کو گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔
آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔
عثمان انور نے حکم دیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
دوسری طرف نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی مظفر گڑھ میں 3 بچیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔