طارق فضل چوہدری کا بیٹا آہوں اور سسکیوں کیساتھ سپرد خاک

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کے جواں سال بیٹے عنزہ طارق  کو آہوں اور سسکیوں کیساتھ سپر د خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزرا ، سیاسی اور کاروباری شخصیات سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تفصیل کے مطابق سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے بیٹے کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میت کواسلام آباد کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزراء اور سیاسی رہنمائوں سمیت عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

عنزہ طارق کی نماز جنازہ ن لیگ سیکرٹریٹ چک شہزاد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزرا رانا ثناء الله ، خواجہ آصف، احسن اقبال ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، حنیف عباسی، دانیال عزیز، امیر مقام اورمعروف کاروباری شخصیت چوہدری ندیم اعجاز سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

طارق فضل چوہدری کے جواں سال بیٹے عنزہ طارق  رات گئے اسلام آباد میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف ، وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب ، سیاسی رہنمائوں اور معروف کاروباری شخصیت چودھری ندیم اعجاز سمیت اہم شخصیات نے طارق فضل چودھری سے ان کے بیٹے کی ناگہانی موت پر گہرے غم و رنج کااظہار کیااور ان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔