اسلام آباد(اُمت نیوز)ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول پاکستان نے سنگین جرائم میں مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو ابوظہبی سے گرفتار کر کے لاہور ائرپورٹ منتقل کر دیا گیا ۔
گرفتار ملزمان پنجاب اور کے پی پولیس کو مطلوب تھے۔گرفتار ملزمان میں شعیب غنی، عبدالحمید اور خالد محمود شامل ہیں۔ ملزم عبدالحمید مردان پولیس کو جبکہ ملزم شعیب غنی اور خالد محمود فیصل آباد اور خانیوال پولیس کو مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے۔
ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسسز جاری کئے تھے۔ بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔