خواتین اور بچوں کو گیس کے سبب سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، فائل فوٹو
خواتین اور بچوں کو گیس کے سبب سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، فائل فوٹو

کورنگی میں برف کے کارخانے سے گیس کا اخراج، مکین متاثر

کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں برف کے کارخانے سے گیس کا اخراج ہونے سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد متاثر ہو گئے۔

پولیس نے آئس فیکٹری کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔ گیس پھیلنے کی وجہ سے علاقے میں کئی بچے بیہوش ہوئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق برف کا کارخانہ کورنگی 50 اے میں واقع ہے جہاں رہائش پذیر افراد نے الزام لگایا ہے کہ گیس کا اخراج گذشتہ 3 دن سے ہو رہا تھا، تاہم آج ایک سلنڈر کا دھماکہ ہوا جس کے بعد گیس کا بڑی مقدار میں اخراج ہوا جس سے پورے علاقے میں گیس کی بدبو پھیل گئی اور متعدد افراد متاثر ہوئے۔

بتایا گیا ہےکہ متعدد خواتین اور بچوں کو گیس کے سبب سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ آنسو گیس سے ملتی جلتی گیس نے علاقے کو حصار میں لے رکھا ہے، علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم متاثرین کو آخری اطلاعات تک ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔