سائفر تحقیقات،ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 25 جولائی طلب کرلیا

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے قومی خفیہ راز افشاں کرنے کے الزام پر چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کر لیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے سابق وزیر اعظم کو جے آئی ٹی کے سامنے 25 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کے معاملے پر مطلوبہ دستاویزات ساتھ لے کر آئیں۔

نوٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا ہے، سابق وزیر اعظم کی جانب سے پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان ریکارڈ کرا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف بیان ریکارڈ کراتے ہوئے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔