اسلام آباد: وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
فوج تعیانتی کے حوالے سے وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں سمیت گلگت اور آزاد کشمیر حکومت کو مراسلہ ارسال کردیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چاروں صوبوں کی درخواست پر فوج تعیناتی عمل میں لائی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یکم سے 10 محرم تک فوج اور رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پنجاب اور سندھ حکومت نے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔
پنجاب اور سندھ بھر میں 9ویں اور 10ویں محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو نظر بند رکھے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔