اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا ہے کہ اگر اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں یا پھر 90 روز ہوں تو ہم الیکشن کیلیے تیار ہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے میڈیا سے غیر رسمی کہا ہے کہ کوشش ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل میڈیا سے رابطے میں رہیں، انتخابی اصلاحات کمیٹی کو الیکشن کمیشن نے 60 سے زائد سفارشات دی تھیں، میری معلومات کے مطابق ہماری تقریباً ساری سفارشات مان لی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا جب تک باضابطہ ہماری سفارشات منظور نہیں ہو جاتیں اس وقت تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، الیکشن کمیشن عام انتخابات کے انعقاد کیلیے تیار ہے، اگر نئی مردم شماری کی منظوری ہو جاتی ہے تو ہمیں حلقہ بندیوں کیلیے 4 ماہ لگیں گے، اسمبلیاں 12 اگست کو تحلیل ہوتی ہیں تو عام انتخابات 11 اکتوبر تک کرا دیں گے۔