مظفر آباد: آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کااجلاس اسپیکر چودھری لطیف اکبر کے زیر صدارت ہوا ۔کشمیری حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت تمام ادارے میرے والد کی رہائی ممکن بنائیں،میں نریندر مودی کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اگر میرے والد کو کسی صورت کوئی نقصان پہنچا تو میں اس کا قصوروار آپ کو ٹھہرا ئو ں گی۔ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ مودی کو پیغام ہے میرے والد کشمیر کی جدوجہد کی راہ میں امید کی کرن ہیں، انہیں سنائی گئی عمر قید کی سزا ان کے عزم کو توڑنے کی کوشش ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے جبر اور غاصبانہ قبضے کے خلاف میرے والد مزاحمت کی علامت ہیں، میرے والد نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کی خاطر اپنی صحت، فیملی اور دولت کو بھی قربان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد ایک بڑی فوج کے خلاف جدوجہد کی علامت بن کر ڈٹ کر کھڑے ہیں، میں صرف 2 سال کی تھی جب میں اپنے والد سے ملی تھی، آج میں 11 برس کی ہوچکی ہوں اور اپنے والد کو بہت یاد کرتی ہوں، میں اپنے والد سے ملنا چاہتی ہوں اور ان کے ساتھ اچھا وقت گزارنا چاہتی ہوں، یہی وقت ہے کہ تمام کشمیری میرے والد کیلئے آواز اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں کشمیر کی بیٹی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتی ہوں کہ میرے والد سے میری ملاقات ممکن بنائیں اور ان کی عمر قید کی سزا ختم کرائیں۔رضیہ سلطانہ نے اجلاس کے شرکا سے کشمیر کی بھارت سے آزادی کے نعرے بھی لگوائے۔ اجلاس میں وزرااور اراکین اسمبلی کی طرف سے پیش کردہ مختلف قراردادیں منظور کر لی گئیں۔اجلاس کے دوران مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
حریت رہنما یاسین ملک، میر واعظ عمر فاروق، مسرت عالم بٹ و دیگر کو بے بنیاد مقدمات میں پابند سلاسل رکھنے کی بھی مذمت کی گئی۔اراکین اسمبلی کی جانب سے ان کشمیری رہنماؤں کی زندگیوں کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کیلئے افواج پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اجلاس میں 9 مئی حملوں کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور عملدرآمد کرنے والے ہر فرد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا اور افواج پاکستان اور پاکستان کے سکیورٹی اداروں اور ان کے اہل خانہ کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اراکین نے کہا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے آزاد کشمیر کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے۔ اجلاس میں کہا گیاکہ یہ ایوان یاسین ملک کو29سال پرانے، بے بنیاد اور جعلی فارن فنڈنگ کے مقدمہ میں سنائی جانے والی سزا کی پرزور مذمت کرتا ہے اور یہ مطالبہ کرتا ہے کہ یاسین ملک کی سزا کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور انہیں باعزت رہا کیا جائے۔