لاہور (اُمت نیوز)محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سے ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 26 جولائی کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں، مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہے جو آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22 سے 26 جولائی کے دوران کشمیر ، گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے جبکہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی بارش کا امکان ہے، پنجاب ،خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اورلاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے جبکہ 22 اور 23 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ شمال مشرقی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔