اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

بیت المقدس ( اُمت نیوز) اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے دو نوعمر فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جن میں سے ایک کی شناخت محمد فواد عطا البید کے نام سے کی گئی اور اسکی عمر 17 سال تھی۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ محمد فواد کو رام اللہ کے پڑوسی گاؤں ام صفا میں بدامنی کے دوران سر پر گولی ماری گئی۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق رام اللہ کے شمال میں واقع جلازون پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والے لڑکے کو زخمی حالت میں ستشری عرب ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسرائیلی فورسز نے مقامی باشندوں کے ساتھ تصادم کے دوران براہ راست گولہ بارود، آنسو گیس اور سٹن گرنیڈ بھی فائر کیے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی ) کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ نقاب پوش مشتبہ افراد کی جانب سے اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کیا گیا جس کے جواب میں نیم فوجی سرحدی پولیس یونٹ کے ایک رکن نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کی نابلس گورنری میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید اور دوسرا شدید زخمی ہوا۔