فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ایٹمی قوت بنایا لیکن نواز شریف کو ایک سازش کے ذریعے نااہل کیا گیا اور فتنے کو مسلط کردیا گیا۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ن لیگ کا مینڈیٹ چرایا گیا اور فتنے کو ملک پر مسلط کیا گیا، نواز شریف نے اس ملک کو ترقی کی راہ پر لگایا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک کو ایٹمی قوت بنایا لیکن انہیں ایک سازش کے ذریعے نااہل کردیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنے نے چار سال کے دوران ملک میں کوئی کام نہیں کیا اور سازشیں کیں، ہماری 14 ماہ کی حکومت کسی پل صراط سے کم نہ تھی لیکن شہباز شریف نے اس دوران ملک کو تباہی سے بچایا۔
وفاقی وزیر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ستیانہ روڈ فیصل آباد کو لاہور سے لنک کرے گی، اور اس منصوبے کے ذریعے عوام کا وقت اور پٹرول کی بچت ہوگی، رنگ روڈ منصوبہ بھی مکمل ہونے کے قریب ہے، منصوبوں کی تکمیل سے ترقی کا سفر تیز ہوگا، فیصل آباد موٹر وے ایم 2 کے بعد موٹروے ایم 3 سے کنکٹ ہو رہے ہیں۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے تعلیم اور صحت کے منصوبے بھی فیصل آباد کو دیئے ہیں، اور کم ترین وقت میں منصوبوں کو مکمل کیا، اسی وجہ سے انہیں شہباز اسپیڈ کا لقب دیا گیا، اگر میگا منصوبوں کو اس شہر سے نکال دیا تو کیا بچے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست اور خدمت کا امتزاج مسلم لیگ ن ہے، 2018 میں سازش کے تحت ن لیگ کی حکومت کو ختم کیا گیا، اور ملک پر فتنے کو مسلط کیا گیا، 4 سال میں ملک کی بربادی کردی گئی، اور اس عرصے میں کوئی ایک ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، 4 سال میں صرف تختیاں تبدیل کی گئی۔
راناثنااللہ نے کہا کہ ملک میں ترقیاتی کام ن لیگ کے دور میں ہی ہوئے ہیں، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اور بیرونی دباؤ کے باوجود دھماکےکیے، پاکستان کو ہر بحران سے نکالا ہے، پاکستان آج بھی بحران میں ہے، لیکن ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا گیا ہے، مولانا فضل الرحمن نے ہر مشکل میں ن لیگ کا ساتھ دیا۔